رحیم یارخان: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مارکیٹوں اور بازاروں کو سیل کر دیا جائے گا، ایس او پیز کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے رحیم یارخان پہنچنے کے بعد اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی، کمشنر بہاولپور نے رحیم یار خان میں کورونا، ڈینگی، ٹڈی دل اور احساس ایمرجنسی پروگرام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں ٹڈی دل کے حملے اور کورونا وائرس کی صورتحال پر غور کیا گیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کاحکم دیا، عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بہاولپور ڈویژن میں ٹڈی دل سے بچاؤ کے لئے موثر اقدامات کئے گئے- ٹڈی دل سے بچاؤ کے لئے موثر سرویلنس میکنزم وضع کیا گیا ہے- 95535 ہیکٹر رقبے پر سپرے کیا جا رہا ہے- 2 جہاز اور 50 سے زائد گاڑیاں ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کے لئے استعمال کی جارہی ہیں- بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں ایک کروڑ سے زائد رقبے کی سرویلنس کی جا رہی ہے۔ ٹڈی دل کو کنٹرول کے لئے ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔