سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس، کنٹرول لائن فائرنگ سمیت 2 قراردادیں منظور

Last Updated On 04 June,2020 01:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ میں کورونا پر جامع پالیسی کیلئے سارک کانفرنس بلانے اور ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزیوں کے خلاف قراردادیں منظور کر لی گئیں۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، چیئرمین کمیٹی نے دو قراردادیں منظوری کیلئے پیش کیں۔ ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزیوں سے متعلق قرارداد میں کہا گیا تھا کہ بھارت مسلسل کنٹرول لائن پر دونوں ملکوں کے مابین معاہدے کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، حکومت بھارتی خلاف ورزیوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں لے جائے، بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیر کے مظلوم عوام پر بدترین مظالم کی مذمت کرتے ہیں اور کمیٹی پاک فوج کی جانب سے بھارتی جاسوس ڈرون گرانے کے منہ توڑجواب دینے کوسراہتی ہے۔

کورونا سے متعلق پیش کی جانیوالی قرارداد میں جامع پالیسی کیلئے سارک کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ چیئرمین کمیٹی کی قراردادوں کی تمام اراکین نے حمایت کی جس پر دونوں قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لی گئیں۔