اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے عوام کو ریلیف فراہمی کے لئے پٹرولیم اور صحت کے شعبوں میں اصلاحات کا عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اصلاحات کے ذریعے سہولیات کو بہتر بنا کر نظام میں موجود خامیاں دور کرنا چاہتی ہے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے معاونین خصوصی ندیم بابر، عثمان ڈار اور انصاف ڈاکٹرز فورم کے وفد نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ معاون خصوصی ندیم بابر نے وزیراعظم کو پٹرولیم سیکٹر میں جاری اصلاحات کے عمل میں پیش رفت پر بریف کیا۔
وزیراعظم نے ندیم بابر کو پٹرولیم سیکٹر میں ریفارمز کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شعبے میں بہتری اور عوام کو ریلیف میسر آ سکے۔
وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس سے متعلقہ معاملات پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے ٹائیگر فورس سے مزید محاذوں پر قومی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ اور جلد خطاب کا فیصلہ کیا۔ ٹائیگر فورس سے کورونا وبا کے ساتھ ساتھ ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے خدمات لی جائیں گی۔ وزیراعظم ٹائیگر فورس کو کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کریں گے۔
عثمان ڈار نے وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ 1 لاکھ 65 ہزار رضا کاروں نے دی گئی ذمہ داریوں کو سر انجام دیا۔ پنجاب سے 1 لاکھ 36 ہزار سے زائد نوجوانوں نے سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان رضاکار مستقبل میں بھی قومی معاملات میں معاونت کریں گے۔ نوجوانوں کو قومی سطح پر خدمات کا بھرپور موقع دیا جائے۔
دریں اثنا وزیرِ اعظم عمران خان سے انصاف ڈاکٹرز فورم کے وفد نے ملاقات میں کورونا صورتحال، روک تھام سے متعلق حکمت عملی، ڈاکٹرز، ہیلتھ کئیر سٹاف کے کردار پر بات چیت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز اور ہیلتھ کئیر سٹاف کی خدمات لائق تحسین ہیں، ماضی میں ہیلتھ سیکٹر کو نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے اب عام آدمی کوصحت کی معیاری سہولیات تک رسائی میں مشکلات ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی اصلاحات کا مقصد عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا اور نظام میں موجود خامیوں کی اصلاح ہے۔ ملاقات میں آئی ڈی ایف کی جانب سے وزیرستان میں ہسپتال کے قیام کی تجویز بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صحت کے شعبے میں اصلاحات کے لئے قائم ٹاسک فورس اس تجویز پر غور کرے گی۔