کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اسمبلی کی خاتون رکن شاہانہ اشعر کا کورنا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد وہ اجلاس سے چلی گئیں۔
خیال رہے کہ صوبائی رکن اسمبلی شاہانہ اشعر کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم پاکستان) سے ہے۔ ان میں کورونا وائرس کی تشخیص کا انکشاف اسمبلی اجلاس کے دوران ہوا۔
سندھ اسمبلی اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی شبیر بجارانی نے انکشاف کیا کہ شاہانہ اشعر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ اس انکشاف کے بعد خاتون رکن اجلاس چھوڑ کر چلی گئیں۔
شبیر بجارانی نے دوران اجلاس بتایا کہ متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی کنور نوید کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ ابھی تک نہیں آئی ہے۔ جن ارکان کی کورونا رپورٹس ابھی تک نہیں آئیں، انہیں اسمبلی اجلاس میں شرکت نہیں کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری اہلخانہ سمیت کورونا وائرس میں مبتلا
یاد رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان اور رابطہ کمیٹی کے سینئر رکن فیصل سبزواری اہلخانہ سمیت کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری پیغام میں بتایا تھا کہ میرے والدین، زوجہ اور دو بیٹیاں کورونا میں مبتلا ہوئے، جبکہ اب میرا بھی کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا ہے۔
فیصل سبزواری نے بتایا کہ اہلخانہ میں صرف منجھلی بیٹی اور ان کی دوسری اہلیہ مدیحہ کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔ انہوں نے تمام احباب سے دعا کی درخواست کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں کیونکہ ہسپتالوں میں جگہ کی شدید قلت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی وبا کے پاکستان میں ڈیرے، کئی اہم شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار
خیال رہے کہ اس وقت فیصل سبزواری سمیت اہم شخصیات کورونا سے متاثر ہو چکی ہیں۔ متاثرہ افراد میں سیاسی، سماجی، سرکاری اور پولیس افسران سمیت شوبز ستارے بھی شامل ہیں۔
سندھ میں کورونا وائرس سے وزیر کچی آبادی سندھ مرتضیٰ بلوچ انتقال کر گئے۔ پی پی سینیٹر مولا بخش چانڈیو بھی مہلک وبا سے متاثر ہیں۔ جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید، ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللہ کا ٹیسٹ بھی پازیٹو آیا۔
اداکار یاسر نواز اور ان کی اہلیہ ندا یاسر بھی کورونا کے باعث گھر میں قرنطینہ ہیں۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل، فیصل ایدھی اور صوبائی وزیر سعید غنی کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے بہنوئی سید مہدی شاہ دو ماہ پہلے کورونا سے انتقال کر گئے تھے۔
پنجاب میں بھی وائرس سے بڑی تعداد میں شخصیات متاثر ہوئیں۔ نامور گلوکار اور تحریک انصاف کے رہنما ابرار الحق، ٹی وی آرٹسٹ روبینہ اشرف، سکینہ سموں اور اداکار نوید رضا کا بھی کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا۔ اس سے پہلے گلوکار سلمان احمد وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
شیخوپورہ سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی برگیڈیئر (ر) راحت امان اللہ بھٹی اور ان کے بیٹے عمر کا کوونا ٹیسٹ بھی پازٹیو آیا، جس کے بعد انہوں نے خود گھر میں قرنطینہ کر لیا۔
خیبر پختونخوا میں بھی مہلک وبا سے رکن اسمبلی متاثر ہو رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے رکن اسمبلی میاں جمشید الدین کورونا کے باعث جاں بحق ہوئے۔
جماعت اسلامی کے عنایت اللہ اور اے این پی کے رکن اسمبلی بہادر خان بھی وائرس کا شکار ہوئے، جس پر انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا۔
تحریک انصاف کے عبدالسلام آفریدی، کامران بنگش، ضیاء اللہ بنگش اور امجد آفریدی کورونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے رکن اسمبلی شفیق آفریدی بھی صحتیاب ہو چکے ہیں۔
بلوچستان میں کورونا وائرس سے اہم شخصیات بھی متاثر ہوئیں۔ چیف جسٹس بلوچستان جمال مندوخیل اور ان کے خاندان کے 5 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔
ایم پی اے فضل آغا اور ان کی اہلیہ کا انتقال کورونا وائرس سے ہوا۔ صوبائی وزیر خزانہ ظہور بلیدی اور صوبائی وزیر زمرک اچکزئی کے بیٹے بھی متاثر ہوئے۔
ایم پی اے نصر اللہ زیرے، سلیم کھوسہ، ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران زرکون، سیکرٹری ایجوکیشن غلام علی اور دیگر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر یاسر اچکزئی بھی وائرس کا شکار ہوئے۔
دو ایڈیشنل جج سمیت جوڈیشل مجسٹریٹ متاثر ہوئے جبکہ چھ پولیس اہلکار، 35 صحافی، 40 سے زائد ڈاکٹرز اور طبی عملہ متاثر ہوا۔ اسلام آباد میں ابھی تک 7 اراکین قومی اسمبلی کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔ متاثر ہونے والوں میں شہریار آفریدی اور عامر ڈوگر شامل ہیں جبکہ پیر ظہور حسین قریشی، وجیہہ اکرم، گل ظفر خان اور محبوب شاہ بھی وائرس سے متاثر ہوئے۔ شہریار آفریدی اور عامر ڈوگر تاحال قرنطینہ میں ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی سمیت متعدد ایم این ایز صحتیاب بھی ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔