اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان کیلئے عالمی ادارہ صحت کی نمائندہ ڈاکٹرMAHIPALA PALITHA سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔
اسد قیصر نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء دنیا کے تمام ملکوں کو درپیش ایک عالمی خطرہ ہے اور اس بات پر زور دیا کہ ہر ایک عالمی ادارہ صحت کی رہنمائی اور قواعد وضوابط پر عمل کرے۔
سپیکر اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندے نے وبا کی روک تھام کے ممکنہ حل کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ سپیکر نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کو وبا کے خاتمے کے طبی حل کی تلاش کیلئے اپنی کوششیں تیز کرنی چاہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے نمائندے نے وباء کی روک تھام کیلئے پاکستان کو جنوبی ایشیاء میںایک بہترین ملک کا درجہ دیتے ہوئے اس حوالے سے حکومت پاکستان کے کردار کو سراہا۔
سپیکر نے صحت کے شعبے میں بہتری لانے اور کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے پاکستان کی مدد کے حوالے سے انتھک کوششوں پر ڈاکٹرPalitha اور ڈبلیو ایچ او کا شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹر Palitha نے ڈبلیو ایچ او کی طرف سے صوابی کے محکمہ صحت کیلئے حفاظتی سامان اور دوسرے طبی آلات عطیہ کئے۔