لاہور: (دنیا نیوز) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس قاسم خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قلت کے خلاف درخواستکی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں وزیر پٹرولیم کو مستعفی ہو جانا چاہیے تھا۔
تفصیل کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری، چیئرمین اوگرا اور سیکرٹری پٹرولیم کو طلب کر لیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ مدینہ کی ریاست میں کتا بھی مر جائے تو خلیفہ جوابدہ ہوتا ہے، یہاں حکومت عوام کو بنیادی سہولتیں ہی نہیں دے رہی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قلت کے ایک ہفتے بعد وزیراعظم نے تقریر کی اور کہا کہ انہیں پٹرول کی قلت کا پتا چلا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قلت پر خاموشی سے کمیٹی بنا دی گئی، جس سے لگتا ہے کہ کسی کو فائدہ پہنچانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس طرح سے سسٹم کو چلا رہی ہے؟ عوام پٹرول کے لیے مارے مارے پھر رہے ہیں لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے سیکرٹری ٹو وزیراعظم، سیکرٹری پٹرولیم اور چیئرمین اوگرا کو 17 جون کو طلب کر لیا ہے۔