راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈٰ کے علاقے صدر کے کوئلہ سینٹر چوک میں دھماکے سے ایک شخص کے جاں بحق جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز حرکت میں آئیں اور فوری طور پر موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ امدادی ٹیمیں بھی بروقت پہنچیں۔
امدادی ٹیموں نے ایمبیولینسوں کے ذریعے زخمی ہونے والے افراد اور جاں بحق شخص کی لاش کو ہسپتال منتقل کیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے راولپنڈی میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ذمہ دار عناصر کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ انہوں نے دھماکے میں ایک شخص کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اس کے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کیا۔