کورونا وائرس کا پھیلاؤ، نیب کے تمام دفاتر میں مہمانوں کا داخلہ بند

Last Updated On 17 June,2020 04:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جاوید اقبال نے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پراسیکیوٹرز کی عدم حاضری پر کیسز خارج نہیں ہونے چاہیں۔

تفصیل کے مطابق چئیرمین نیب کے زیر صدارت اہم اجلاس میں کورونا وائرس کی وجہ سے تمام دفاتر میں مہمانوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔ اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عدالتوں میں نیب کیسز کی پیروی کے لیے پراسیکیوٹرز کو حاضری اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

چیئرمین نیب نے ہدایت کی ہے کہ تمام افسران صبح نو بجے سے دن تین بجے تک تمام دفاتر میں حاضری یقینی بنائیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے نیب افسران کی سرکاری ٹرانسپورٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نیب اعلامیہ میں نیب سٹاف کو بائیو میٹرک حاضری سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نیب افسران کو عوامی مقامات پر جانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ نیب کے پچاس سال سے زیادہ عمر کے افسران کو صرف ضروری کام کے لئے بلایا جائے گا۔
 

Advertisement