اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا اجلاس میں کہنا تھا کہ حکومت مذہبی فریضہ کی ادائیگی کیلئے ہر ممکن سہولت دیگی۔ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے حکمت عملی بنائی جائے گی۔ حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد لازم ہوگا۔
تفصیل کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ کی سربراہی میں عیدالاضحیٰ پر قربانی کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس ہوا ہے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ قربانی ایک مذہبی فریضہ ہے، حکومت اس سلسلے میں ہر ممکن سہولت کو یقینی بنائے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ انتظامات کے ساتھ ساتھ حفاظتی تدابیر پر عمل ہو اور اس حوالے سے وزارت صحت کی گائیڈ لائنز کے مطابق انتظامات کرنا ضروری ہیں۔
اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے واضح حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے۔ اس حکمت عملی کو تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ترتیب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم علما سے بھی اس سلسلے میں رہنمائی چاہتے ہیں تاکہ عوام کی حفاظت کی جا سکے اور کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد مل سکے۔
وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ مویشیوں کے بیوپاریوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنانے کے ساتھ عوام کے تحفظ کو بنیادی ترجیح دی جائے گی۔