اسلام آباد: (دنیا نیوز) چئیرمین نیب جاوید اقبال نے ہاؤسنگ سوسائٹیوں کیخلاف جاری تحقیقات جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام ریگولیٹری اتھارٹیز کو جعلی سوسائٹیوں کی اشتہاری مہم کا نوٹس لینے کا کہا ہے۔
نیب کے اعلامیہ کے مطابق چیئرمین نیب ریٹائرڈ جسٹس جاوید اقبال نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فراڈ ہاؤسنگ سوسائٹیاں سرکاری ملازمین کی عمر بھر کی کمائی ہڑپ جاتی ہیں۔ تمام ریگولیٹری اتھارٹیز بھی جعلی سوسائٹیوں کی اشتہاری مہم کا نوٹس لیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جلد رقم کمانے کی سوچ رکھنے والوں کو سوچنا چاہیے کہ دنیا سے خالی ہاتھ جانا ہے۔ رزق حلال ہی انسان کے لئے فائدے کا سودا ہے۔
چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ ڈبل شاہ سے لوٹے ہوئے چار ارب برآمد کر کے اسے بھی سنگل شاہ بنا دیا گیا۔ ڈبل شاہ کے شریک ملزمان سے لوٹی گئی رقم بھی متاثرین کو واپس دلوا دی گئی ہے۔