اسلام آباد: (دنیا نیوز) جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب دنیا کا واحد ادارہ ہے جو 10 ماہ میں وائٹ کالر کرائمز کو منتطقی انجام تک پہنچاتا ہے۔ نیب کی موثر اور جامع انسداد بدعنوانی کی مہم قومی حکمت عملی ہے۔
نیب کے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے۔ نیب کو 2019ء میں 2018ء کے مقابلہ میں دوگنی کرپشن شکایات موصول ہوئیں۔ نیب کو 2019ء میں 53643 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 42760 پراسس کی گئیں جبکہ بدعنوان عناصر سے 141.542 ارب روپے وصول کیے گئے۔
اعلامیے کے مطابق نیب نے سینئر افسران کی اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھانے کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا۔ یہ ٹیم ایک ڈائریکٹر، ایڈیشنل ڈائریکٹر، انویسٹی گیشن آفیسر اور لیگل کنسلٹنٹ پر مشتمل ہے۔ اس سے نیب کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔
نیب کی 2019ء میں 1983 کیسز نمٹانے کے ساتھ سزا کی شرح 68.8 فیصد ہے۔ نیب نے راولپنڈی میں اپنی فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی۔ نیب کی معزز احتساب عدالتوں میں 1219 کرپشن ریفرنسز زیر سماعت ہیں جن کی مالیت 900 ارب روپے ہے۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ مفرور اور اشتہاریوں کو گرفتار کیا جائے گا اور ان سے لوٹی ہوئی رقم کی وصولی کے لئے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور یہ رقم قومی خزانے میں جمع کروائی جائے گی۔