مقبوضہ کشمیر:‌ بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 3 نوجوان شہید

Last Updated On 29 June,2020 03:56 pm

سرینگر: (ویب ڈیسک) بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے کے دوران 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا، اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے بھارتی فوجیوں پر شدید پتھراو کیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے اسلام آباد میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کرتے ہوئے علاقے کا محاصرہ کر کے داخلی و خارجی راستوں کو رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا، گھر گھر تلاشی لی اور عورتوں، بچوں اور بزرگوں کو ہراساں کیا۔

خواتین سے بدتمیزی کرنے پر نوجوانوں نے جب مزاحمت کی تو بھارتی فوجیوں نے دہشت گردی کا الزام لگا کر ان کے سینے گولیوں سے چھلنی کر دیئے، بھارتی فوج کے اس اقدام پر کشمیری رکاوٹیں توڑ کر گھروں سے نکل آئے اور بھارتی فوج کے خلاف شدید احتجاج کیا، کئی مقامات پر بھارتی فوجیوں پر پتھراو بھی کیا گیا۔

واضح رہے کہ مودی حکومت ایک گہری سازش کے تحت کشمیر میں غیر کشمیریوں کو بسا کر آبادی کا تناسب بدلنا چاہتی ہے، مودی حکومت ایک جانب کشمیری نوجوانوں کی نسل کشی کر رہی ہے تو دوسری جانب ہزاروں بھارتیوں کو کشمیر کی شہریت دے رہی ہے جو عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
 

Advertisement