لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، گرمی سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے، ننکانہ صاحب اور تلہ گنگ میں چھتیں گرنے کے واقعات کے بعد دو بچیوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے اور 8افراد زخمی ہوگئے۔، کئی علاقے زیرآب آ گئے، سینکڑوں فیڈرز ٹرپ کرگئے، کراچی ،ٹھٹھہ،بدین اور حیدر آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں مون سون نے انٹری ڈالی، کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش، کئی علاقے زیرآب آ گئے، آندھی سے کھمبے اوردرخت اکھڑ گئے، سینکڑوں فیڈرز ٹرپ ہو گئے، چھتیں گرنے کے واقعات بھی ہوئے، کراچی ،ٹھٹھہ،بدین اور حیدر آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
ننکانہ صاحب اور تلہ گنگ میں چھتیں گرنے کے واقعات کے بعد دو بچیوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے اور 8افراد زخمی ہوگئے۔
تلہ گنگ میں مکان کی چھت گرنے سے بچی چل بسی، دو خواتین کو چوٹیں آئیں، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ اور مریدکے میں چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں دو بچے چل بسے، جبکہ چھ زخمی ہو گئے
لاہور،گوجرانوالہ، ڈسکہ، حافظ آباد، فیصل آباد، سکھیکی میں آندھی سے درخت زمین پر آن پڑے۔ سرگودھا، بھلوال ،خوشاب، جوہرآباد ،منڈی بہاؤالدین،شورکوٹ اور سانگلہ ہل میں موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔
قصور،ننکانہ صاحب، جھنگ اور دینہ سمیت متعدد شہروں میں بجلی غائب ہوگئی، آندھی اور بارش نے کہیں تباہی مچائی تو کہیں موسم سہانا ہوگیا۔ گرمی کے مرجھائے چہرے کھل اٹھے، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، دیربالا، ڈی آئی خان، سمیت خیبرپختونخوا، گلگت، کشمیرمیں بادلوں نے رنگ جمایا۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ،،بارشوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔