اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔ انہوں نے خود گھر میں قرنطینہ کرلیا۔
معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں کورونا وائرس کی معمولی علامات تھیں، جس کے بعد ٹیسٹ کرایا۔ اپنی ٹویٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، جس کے بعد خود کو قرنطینہ کر لیا ہے اور حفاظتی اقدامات پر عمل کر رہا ہوں۔
<327> I have tested positive for COVID-19. Under med advice I have isolated myself at home & taking all precautions. I have mild symptoms. Please keep me in your kind prayers. Colleagues, keep up the good work! You are making a big difference & I am proud of you.
— Zafar Mirza (@zfrmrza) July 6, 2020
ڈاکٹر ظفر مرزا نے عوام سے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔ معاون خصوصی نے کورونا وائرس کے خلاف اپنی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس وباء کے خاتمے کیلئے شاندار کام کر رہے ہیں، جسے جاری رکھا جائے۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 31 ہزار 818 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 50 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 4 ہزار 762 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 344 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 81 ہزار 963، سندھ میں 94 ہزار 528، خیبر پختونخوا میں 28 ہزار 116، بلوچستان میں 10 ہزار 814، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 561، اسلام آباد میں 13 ہزار 494 جبکہ آزاد کشمیر میں ایک ہزار 342 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 14 لاکھ 20 ہزار 623 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 ہزار 271 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک ایک لاکھ 31 ہزار 649 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 406 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 50 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 4 ہزار 762 ہوگئی۔ پنجاب میں ایک ہزار 884، سندھ میں ایک ہزار 526، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 28، اسلام آباد میں 137، بلوچستان میں 123، گلگت بلتستان میں 28 اور آزاد کشمیر میں 36 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔