لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کورونا وائرس کیخلاف نبرد آزما ریسکیو 1122 کے عملے کو الاؤنس اور شہید پیکج دینے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اعلان کیا ہے کہ کورونا ڈیوٹی کرنے والے ریسکیو 1122 کے عملے کو یکم اپریل سے خصوصی الاؤنس دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا ڈیوٹی کرنے والے پنجاب ایمرجنسی سروس کے افسروں اور اہلکاروں کو بنیادی تنخواہ کے برابر اعزازیہ دیا جائے گا۔ ان کو وبا کے خاتمے تک خصوصی الاؤنس ملتا رہے گا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ کورونا ڈیوٹی کے دوران شہید ہونے والے گریڈ 16 تک کے ملازمین کے لواحقین کو 40 لاکھ روپے، گریڈ 17 اور اس سے زیادہ گریڈ کے افسران کے لواحقین کو 80 لاکھ روپے ادا کئے جائے گے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ شہید پیکج دینے کیلئے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی خصوصی کمیٹی کی سفارشات پر عمل ہوگا۔ کورونا ڈیوٹی پر تعینات ریسکیورز کی خدمات کو سراہتے ہیں۔ الاؤنس کا اجرا محنتی ریسکیورز کی حوصلہ افزائی کا سبب بنے گا۔