کراچی: (دنیا نیوز) جون کا مہینہ شہریوں کیلئے تباہ کن ثابت ہوا، صرف ایک مہینے میں سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ 904 افراد انتقال کر گئے۔
چھبیس فروری کو جان لیوا وبا کورونا کا پہلا کیس رپورٹ ہوا جس کے بعد سے مریضوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا گیا۔ بات ہلاکتوں تک پہنچی اورکورونا وائرس سے مارچ میں8، اپریل میں109 اور مئی کے مہینے میں 385 افراد جان سے گئے۔
صرف جون میں یہ تعداد 3 گنا تک بڑھی اور 904 مریض کورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے۔ طبی ماہرین نے رمضان کے آخری ایام میں عید کی تیاری کے لیے لاک ڈاؤن ختم کرنے کو جون میں اموات میں اضافے کی وجہ قرار دیا ہے۔
کورونا وائرس سے متاثرہ گھروں پر آئیسولیشن اختیار کرنے والے 328 افراد انتقال کرچکے ہیں، سندھ میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 90 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔