لاہور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کا دنیا بھر میں پھیلاو جاری، متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 13 لاکھ سے بڑھ گئی جبکہ 5 لاکھ 32 ہزار افراد دنیا سے کوچ کر گئے۔
اس وقت عالمی سطح پر کورونا کیسز کی تعداد 44 لاکھ 8 ہزار سے زائد ہے جن میں 58 ہزار 487 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 43 لاکھ 49 ہزار981 مرض سے لڑائی کے سبب رو بصحت ہیں۔ گذشتہ روز ایک لاکھ 89 ہزار افراد کورونا میں مبتلا ہوئے جن میں سے امریکہ کے مزید 45 ہزار 182 افراد شامل ہیں، برازیل میں 35 ہزار 35 افراد کورونا مرض کا شکار ہوئے۔ اس طرح امریکا میں مریضوں کی مجموعی تعداد 29 لاکھ 35 ہزار سے زائد اور برازیل میں 15 لاکھ 78 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
دوسری جانب روس میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار 27 ہو چکی ہے اور بھارت میں 19 ہزار 279 ہو چکی ہے۔ بھارت میں 24 گھنٹوں کے دوران 24 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جو یومیہ مریضوں کی تعداد سامنے آنے کا ریکارڈ ہے۔
اُدھر برطانوی حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی جس کے بعد عبادت گاہوں سمیت شادی کی تقریبات میں شرکت کی بھی اجازت دے دی گئی جن میں تیس افراد شرکت کر سکیں گے جبکہ سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھنے اور ماسک استعمال کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ مساجد میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی۔ حکومتی ہدایات کو نظرانداز کرنے پر قانونی کارروائی بھی ہوگی۔