لاہور: (دنیا نیوز) پاکستانی پائلٹ کے جعلی لائسنس کا معاملہ سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے یورپ کے بعد اب امریکا نے بھی پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
امریکی ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے پی آئی اے کا خصوصی اجازت نامہ منسوخ کر دیا ہے۔ پی آئی اے پروازوں کی سیفٹی پر تشویش کے باعث یہ پابندی لگاتے ہوئے اس کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق پابندی کی بنیادی وجہ پاکستانی پائلٹس کے لائسنس مشکوک قرار دیا جانا ہے۔ پی آئی اے امریکا کے لئے اپنی پروازیں نہیں چلا سکے گا۔ پی آئی اے کی ہر قسم کی پروازوں پر پابندی لگا دی ہے۔ ترجمان پی آئی اے نے امریکا پروازوں پر پابندی عائد کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق امریکا کے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے اس معاملے پر پاکستانی حکام کو ای میل کے ذریعے آگاہ کر دیا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ امریکا کے جو خدشات ہیں ان کو دور کریں گے۔ پی آئی اے میں جاری اصلاحاتی عمل کے ذریعے پائلٹ والا مسئلہ حل ہو جائیگا۔