اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی تانیہ ایدروس نے استعفیٰ دے دیا۔ تانیہ ایدروس نے استعفیٰ وزیراعظم عمران خان کو بھجوا دیا۔ انہوں نے کہا میری دہری شہریت پر تنقید کی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس نے اپنے استعفے کی کاپی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شیئر کی ہے۔ استعفے میں تانیہ ایدروس نے کہا ہے کہ رواں برس کے آغاز سے پاکستان کیلئے خدمات انجام دینا باعث عزت ہے، وزیراعظم کے اعتماد پر ان کی شکر گزار ہوں۔
Criticism levied towards the state as a consequence of my citizenship status is clouding the purpose of Digital Pakistan. In the greater public interest, I have submitted my resignation from the SAPM role. I will continue to serve my country and the PM’s vision to my best ability pic.twitter.com/BWBvBvO6uz
— Tania Aidrus (@taidrus) July 29, 2020
عمران خان کو بھجوائے گئے استعفے میں تانیہ ایدروس نے مزید کہا کہ وہ صرف اور صرف پاکستان کی خدمت اور وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے آئیں، میری کینیڈا کی شہریت پر تنقید کی جا رہی ہے جو کہ میری خواہش پر مجھے نہیں ملی بلکہ میری پیدائش وہاں پر ہوئی۔ میری دوہری شہریت کی وجہ سے ڈیجٹل پاکستان کا مقصد ماند پڑ رہا ہے۔
تانیہ ایدروس کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی ہیں اور ہمیشہ پاکستانی رہیں گی بلکہ بغیر کسی عہدے کے ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کے لیے کام بھی جاری رکھیں گی۔
یاد رہے کہ گوگل کی سینئر پاکستانی ایگزیکٹو تانیہ ایدروس نے گزشتہ برس 5 دسمبر کو وزیر اعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان کے منصوبے کے لیے گوگل سے استعفیٰ دے دیا تھا، گوگل سے مستعفی ہونے کے بعد وہ سنگاپور سے پاکستان پہنچی تھیں۔