اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قومی معیشت پر کورونا وائرس کی وبا کے اثرات کو کم کرنے، اقتصادی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے تعمیراتی شعبے کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے یہ بات جمعرات کے روز اسلام آباد میں ہاؤسنگ ،تعمیرات اور ترقی کے بارے میں قومی رابطہ کمیٹی کے ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعظم نے کہا کہ تعمیراتی شعبے کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور کاروباری برادری کو ان مراعات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے اور حکومت اس سلسلے میں ہرممکن تعاون کرے گی۔
عمران خان نے تمام چیف سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کی ترجیحات کی تکمیل میں رکاوٹیں پیدا کرنے والے سرکاری حکام کے خلاف سخت کارروائی کریں۔
حکومت کی جانب سے تعمیراتی شعبے کیلئے مراعات دینے کے اعلان کے بعد آج شعبے کی ترقی و کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں پاکستان بلڈرز اینڈ ڈویلپرز ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے بھی شرکت کی۔
وفد نے اجلاس کو یقین دہانی کرائی کہ4 ماہ میں مختلف تعمیراتی منصوبے شروع کئے جائیں گے۔ اس سے تیرہ سو ستر ارب روپے کی معاشی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا۔
ان منصوبوں میں ملک میں تقریباً ایک لاکھ رہائشی یونٹس کی تعمیر شامل ہے۔ وزیراعظم نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی جانب سے این او سی اور دیگرمنصوبوں کی منظوری کیلئے درخواستوں کو مربوط مشکل دینے کی غرض سے ویب پورٹل قائم کرنے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت دیگر صوبوں میں بھی ایسا پورٹل اور ون ونڈو سہولیات کے قیام کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ نئے تعمیر شدہ گھروں رہائشی کالونیوں اور کمرشل عمارتوں میں بجلی اور گیس کی سہولتوں کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی سطح پر ہیلپ لائن کو مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔