اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے 9 اگست کو ٹائیگر فورس ڈے منانے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا شجرکاری مہم میں ٹائیگر فورس کی مہم کا خود حصہ بنوں گا۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس کے نام اہم پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی اور وزرائے اعلیٰ بھی مہم میں حصہ لیں گے، 2023 تک 10 ارب درخت لگانے ہیں، آلودگی کی وجہ سے لوگوں کی صحت پر اثر پڑ رہا ہے، گلوبل وارمنگ کے باعث پاکستان 10 متاثرہ ممالک میں شامل ہے، 9 اگست کو ملک بھر میں شجرکاری کریں گے، پاکستان میں آلودگی، گلوبل وارمنگ کے باعث درخت لگانا ضروری ہیں، ٹائیگر فورس شجرکاری مہم کی قیادت کرے گی۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ملاقات کی جس میں ملک بھر میں ٹائیگر فورس ڈے منانے کی تیاریوں پر مشاورت کی گئی۔ ٹائیگر فورس سے متعلق چین کی جانب سے لکھا گیا خط بھی وزیراعظم کو پیش کیا گیا، عمران خان نے عالمی سطح پر ٹائیگر فورس کی پذیرائی پر مسرت کا اظہار کیا اور ٹائیگر فورس کو متحرک رکھنے پر عثمان ڈار کو شاباش دی۔