اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر مصطفیٰ سینتوپ نے ٹیلی فون پر دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اتوار کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماﺅں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔ چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ وہ آیا صوفیہ کو میوزیم سے مسجد میں تبدیل کرنے پر ترک حکومت اور قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ پاکستان ترکی کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان۔ترکی تعلقات، بین الپارلیمانی تعلقات،عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ دیں گے۔ امن، ترقی، اقتصادی خوشحالی ہمارا مشترکہ ایجنڈا ہے۔ پاکستان خطے اور علاقائی سطح پر امن کا خواہاں ہے، خطے میں ترقی اور خوشحالی کے لئے کوشاں ہیں۔
صادق سنجرانی نے کہا کہ تنازعات کا مذاکرات اور پرامن حل ترقی کے عمل کو آگے لے جانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ موجودہ حالات میں پارلیمانوں پر بھاری ذمہ داری آ گئی ہے۔ کورونا وائرس کے باعث عالمی سطح پر رابطہ کاری اور معاونت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ کورونا وائرس نے نئے چیلنجز پیدا کر دیئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اور علاقائی سطح پر مثالی تعاون ایک دوسرے پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔ ترکی نے ہمیشہ پاکستان کے نقطہ نظر کو سراہا ہے اور ساتھ دیا ہے۔ دونوں رہنماﺅں نے علاقائی ترقی وخوشحالی کے لئے کوششیں مزید تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا۔