اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آسیان کی 53 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستانی حکومت اور عوام کی طرف سے تنظیم کے رکن ممالک کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان آسیان ممالک کے ساتھ شراکت داری کو بلندیوں کی نئی سطح پر لے جانے کیلئے پرعزم ہے۔
آسیان کی 53 ویں سالگرہ کے موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی ”ویژن ایسٹ ایشیائ” پالیسی کے تحت آسیان اور اس کے رکن ملکوں کے ساتھ سیاسی ، معاشی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرتا رہے گا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ 8 اگست 1967 کا وہ تاریخی دن ہے جب پانچ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک نے تعاون ، اتحاد اور عدم مداخلت کے اصولوں کی بنیاد پر مشترکہ پلیٹ فارم تشکیل دیا تھا۔ آج آسیان دس ممبران پر مشتمل متحرک تنظیم ہے ، ان رکن ملکوں کا رقبہ 4.4 ملین مربع کلومیٹر 649 ملین سے زیادہ آبادی ، اور جی ڈی پی 2.9 ٹریلین امریکی ڈالر سے زیادہ ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آسیان کمیونٹی ویژن 2025 ،جو آسیان کے سیاسی تحفظ ، اقتصادی اور سماجی و ثقافتی اجزاء پر مشتمل ہے ، خطے کے عوام اور معیشتوں کی بے پناہ صلاحیتوں کو مزید متحد ، ہم آہنگی اور استحکام کے لئے اہم۔پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ اس عمدہ کاوش اور مقصد کے حصول میں ہم آسیان اور اس کے ارکان کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں۔
وزیر خارجہ نے کووڈ 19 وبا سے موثر انداز میں نمٹنے پر آسیان کے رکن ملکوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ بے مثال بحران پوری انسانیت کی عظیم تر بھلائی کے لئے تعاون کو مزید مضبوط و مستحکم کرنے کا متقاضی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آسیان کے تمام ممالک کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں۔ ہمارے تاریخی اور گہرے تعلقات گندھارا تہذیب کے زمانے میں قائم چلے آ رہے ہیں۔ یہ پائیدار تعلقات آج سیکٹورل ڈائیلاگ پارٹنر اور آسیان علاقائی فورم (اے آر ایف) کے ایک سرگرم رکن کی حیثیت سے پاکستان کی آسیان کے ساتھ وابستگی کا عکاس ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم آسیان کے ساتھ اپنی شراکت کو اعلی سطح پر لے جانے کے لئے پرعزم ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اپنی ”ویژن ایسٹ ایشیا”’ پالیسی کے تحت آسیان اور اس کے رکن ملکوں کے ساتھ سیاسی ، معاشی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرتا رہے گا۔