شوگر ملز مالکان کی انٹرا کورٹ اپیلیں مسترد، انکوائری کمیشن کی رپورٹ درست قرار

Published On 18 August,2020 05:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے 24 جولائی کو محفوظ کیا فیصلہ سناتے ہوئے شوگر ملز مالکان کی انٹرا کورٹ اپیلیں مسترد جبکہ چینی انکوائری کمیشن کی رپورٹ کو درست قرار دیدیا ہے۔

تفصیل کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے شوگر ملز مالکان کی انٹرا کورٹ اپیلوں پر تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے 52 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے شوگر ملز مالکان کے چینی رپورٹ پر 6 اعتراضات جبکہ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کا چینی کیس عوامی مفاد نہ ہونے کا اعتراض مسترد کر دیا ہے۔

اس کے علاوہ عدالت عالیہ کی جانب سے چینی رپورٹ جمع ہونے کے بعد کمیشن کی تشکیل کا گزٹ نوٹیفکیشن اور کابینہ ڈویژن کی سمری وزارت داخلہ سے جاری ہونے کا اعتراض بھی مسترد کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ انکوائری کمیشن کی تشکیل کے بعد نئے ممبر کا تقرر بھی کابینہ کا اختیار ہے۔ شہرت کو نقصان پہنچانے کا الزام لگا کر انکوائری رپورٹ پر کارروائی نہیں روکی جا سکتی۔

عدالت نے چینی انکوائری کمیشن کے ارکان پر جانبداری کا اعتراض بھی مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شوگر ملز مالکان کی اپیل میرٹ پر نہیں، مسترد کی جاتی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلے میں لکھا کہ اٹارنی جنرل کے مطابق کمیشن میں اضافی ممبر شامل کرنے کا فیصلہ وفاقی کابینہ کا تھا۔ وزارت داخلہ نے انکوائری کمیشن کی تشکیل کا پہلا نوٹیفکیشن اگلے ہی دن واپس لے لیا تھا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کو خط وکتابت کی بجائے براہ راست فوری کمیشن تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔ کابینہ کی ہدایت کے باوجود کمیشن کی تشکیل کا نوٹیفکیشن ہونے میں چھ دن کا وقت لگا۔