وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر غور

Published On 25 August,2020 12:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، جس میں ملکی سیاسی، معاشی اور سلامتی کی صورتحال پر غور کیا جا رہا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کابینہ کو دورہ چین پر اعتماد میں لیں گے، کابینہ کی منظوری کے بغیر سرکاری تقرریوں کا معاملہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا، وفاقی کابینہ کے پی ٹی کے بورڈ آف ٹریسٹیز میں چیئرمین پی این ایس سی تقرری کی منظوری دے گی۔ کابینہ قومی رابطہ کمیٹی کے 13 اگست کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔

کابینہ کو تعمیرات کے حوالے سے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت پیپرا رولز پر بریفنگ دی جائے گی، مالیاتی پالیسی بورڈز میں معروف اکانومسٹس کی نامزدگیوں کی منظوری دی دے گی۔ کابینہ ذیلی کمیٹی برائے ڈسپوزل آف لیجسلیٹو کیسز کے 12 اور 19 اگست کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔ کابینہ کمیٹی برائے ڈسپوزل آف لیجسلیٹو کیسز کے 20 اگست کے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی۔

وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 12 اگست کے فیصلوں کی توثیق کرے گی، 61 فوڈ اور نان فوڈ آئٹمز کو لازمی سرٹیفکیشن کی لسٹ سے نکالنے کی منظوری کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔ بلوچستان میں انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت ایف سی کی خدمات لینے کی منظوری دی جائے گی۔
 

Advertisement