اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے بھارت کی ہندوتوا پالیسی کو اقلیتوں اور خطے کے امن وامان کیلئے خطرہ قرار دیدیا ہے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن واستحکام کیلئے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر کے تنازع کے حل کی اہمیت کو اُجاگر کیا ہے۔ وہ بین الپارلیمانی یونین کی صدر گیبریلا کیو یس بیرن سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے ایک وفد کے ہمراہ ان سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وزیراعظم اور بین الپارلیمانی یونین کی صدر نے بین الپارلیمانی تعاون، کورونا وائرس کی عالمی وبا اور علاقائی امن و سلامتی سمیت کئی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ عمران خان نے پارلیمانی سفارتکاری کے فروغ میں بین الپارلیمانی یونین اور اس کی صدر گیبریلا کیویس بیرن کے کردار کو سراہا۔
وزیراعظم نے افغانستان کے مسئلے پر پاکستان کی مسلسل حمایت اور افغانوں کی قیادت میں امن اور مفاہمت کے عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو بھی اجاگر کیا۔
وزیراعظم نے سمارٹ لاک ڈاؤن اور حکومت کے دیگر اقدامات جن سے پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی کو بھی اُجاگر کیا۔ ملاقات میں سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی بھی موجود تھے۔