اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ عوام کا اعتماد کھو چکی ن لیگ کم از کم صحت کے معاملے پر بھاشن نہ دے، نظام صحت کو مفلوج کرنے والوں کا صحت کے حوالے سے بیان بازی کرنا مضحکہ خیز ہے۔
شہباز گل نے مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا نظام صحت کو تباہ کرنے والوں کے علاج باہر ہو رہے ہیں، کئی دہائیوں تک حکومت کرنے والے اپنے لیے ایک ہسپتال تک نہ بنا سکے جس میں اپنا علاج کروا سکیں، صحت کے شعبے کی آپ کو اس قدر فکر تھی کہ اس کے فنڈز اورنج لائن میں استعمال کیے، کورونا پر حکومتی کامیابی اپوزیشن کو ہضم نہیں ہو رہی ہے۔
معاون خصوصی نے کہا عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف نے کورونا کے حوالے سے حکومتی کاوشوں کو سراہا، سماجی بہبود کے پروگرامز میں خردبرد چھوٹے میاں کا وطیرہ رہا ہے، زلزلہ زدگان کی امداد ہڑپنے والے ہی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی بدنامی کا باعث بنے، احساس پروگرام کے لیے 208 بلين روپے مختص کرنا موجودہ حکومت کی فلاحی سوچ کی عکاس ہے، صحت انصاف کارڑ کی تقسیم بھی صحت کے شعبے میں حکومتی ترجیح کی طرف اشارہ ہے۔
ڈاکٹر شہباز گل نے مزید کہا اب تک پنجاب کے تمام 36 اضلاع میں تقریباً 49 لاکھ خاندانوں میں صحت کارڑز تقسیم کیے جا چکے ہیں، صحت انصاف پاکستانی تاریخ کا پہلا پراگرام ہے جس کے تحت پورے کے پی میں صحت کی مفت سہولیات دی جائیں گی۔