اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہر فورم پر بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کےخلاف موثر آواز اٹھائی ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے دنیا کو بھارت کے جارحانہ عزائم سے زبانی اور تحریری طورپر آگاہ رکھا ہے۔ وزیر خارجہ نے سول سوسائٹی، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں خصوصاً غیرملکی ذرائع ابلاغ پرزوردیا کہ وہ اس حوالے سے مل کر آواز اٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ مذہبی آزادی کی دعویدار بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم و جبر کا ارتکاب کرکے تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں محرم کے جلوس نکالنے کی اجازت نہیں دی گئی اور ماتمی جلوسوں میں شرکت کے لئے نکلنے والے لوگوں پر تشدد کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لوگوں کو گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف چھروں والی بندوقیں استعمال کی گئیں۔ عید کے موقع پر مساجد کی تالہ بندی کی گئی اور اب محرم میں بدترین ظلم وتشدد دیکھنے کو ملا۔ پوری مسلم دنیا بھارتی حکومت کے اس رویے پر نالاں ہے۔