اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بین الپارلیمانی یونین کی صدر گیبریلا کیویس بیرن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے ہندوتوا نظریات اور غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں یکطرفہ غیر قانونی اقدامات پورے خطے کے لئے خطرہ ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی طور پر بھارتی زیرتسلط کشمیر کے نہتے شہری گزشتہ ایک سال سے کرفیو کی صورت میں بھارتی مظالم سہہ رہے ہیں۔
وزیر خارجہ نے بین الپارلیمانی یونین اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ نہتے کشمیریوں کو ان کا آئینی حق حق خوادرادیت دلانے اور بھارتی جبرواستبداد سے بچانے کیلئے آگے بڑھیں۔
وزیر خارجہ نے بین الپارلیمانی یونین کے پلیٹ فارم سے دنیا بھر میں پارلیمنٹ کی بالادستی کے حوالے سے گیبریلا کیو یس بیرن کی خدمات کو سراہا۔
اس سے قبل بین الپارلیمانی یونین کی صدر گیبریلا کیو یس بیرن نے بھی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی۔
چیئرمین سینیٹ نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل اور ترقی پر یقین رکھتا ہے اور بین الپارلیمانی امور کی یونین اپنے رکن ممالک کو تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات کا موقع فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کے امن کیلئے کوشاں ہے اور ترقی کی جانب سفر پاکستان اور بین الپارلیمانی یونین کا مشترکہ ایجنڈا ہے۔
بین الپارلیمانی امور کی یونین کے صدر نے باہمی رابطوں کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔