میاں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس رواں ہفتے عدالت میں جمع کرائی جائیں گی

Published On 03 September,2020 04:57 pm

لندن: (اظہر جاوید) سابق وزیراعظم نواز شریف کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹس رواں ہفتے کے آخر تک اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کروا دی جائیں گی۔

روزنامہ دنیا کے مطابق لندن میں ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز کے بورڈ نے موجودہ طبی صورتحال میں ان کو سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن کے ہاسپٹلز میں کورونا کی صورتحال کی وجہ سے سابق وزیراعظم کا ڈاکٹرز آن لائن چیک اپ کر رہے ہیں۔

ان کے تازہ ترین بلڈ ٹیسٹ بھی کئے گئے ہیں جن میں ان کے دل کی شریان کی بندش کے حوالے سے صورتحال ابھی بھی تشویشناک ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے نواز شریف کو دل کی بند شریان کھولنے کی حوالے سے آپریشن کروانے کی ایک بار پھر ہدایت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز نے انھیں ہوائی سفر کرنے سے منع کیا ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ہوائی سفر کی صورت میں ان کی جان کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس رواں ہفتے کے آخر تک پاکستان ہائی کمیشن لندن سے تصدیق کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ میں اگلی پیشی پر جمع کروائی جائے گی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق روزانہ واک اور ہلکی ورزش بھی کر رہے ہیں۔