اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغان امن عمل کو یقینی بنانے کے لئے بین الافغان بات چیت کا جلد انعقاد اشد ضروری ہے۔
انہوں نے آج افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ حنیف اتمر کے ساتھ ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن واستحکام افغانستان میں امن سے جڑا ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں قیام امن کے حصے کے طور پر پاکستان افغان پناہ گزینوں کی جلد اور باوقار وطن واپسی کا بھی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان امن عمل سمیت علاقائی امن واستحکام کے لئے اپنی مصالحتی کوششیں جاری رکھے گا۔
اس کے علاوہ پاکستان میں تعینات نیپال کی سفیر مس سیوا لمسال ادھیکاری نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے الوداعی ملاقات کی۔ اس دوران دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان، نیپال کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان اور نیپال کے مابین سیاسی مذاکرات کے چوتھے اجلاس کا کامیاب انعقاد، روابط میں فروغ کی عکاسی کرتا ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان پاکستان اور نیپال کے مابین دو طرفہ تجارت کے فروغ کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ نیپالی وزیر خارجہ کے جلد دورہ پاکستان کے متمنی ہیں۔
وزیر خارجہ نے پاکستان اور نیپال کے مابین دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے نیپالی سفیر کی خدمات کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے نیپالی سفیر مس سیوا لمسال ادھیکاری کی آئندہ ذمہ داریوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ نیپالی سفیر نے نیک تمناؤں کے اظہار پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔