اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کو بتایا گیا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ آئندہ ماہ کی پندرہ تاریخ سے اپنے کام کا باقاعدہ آغاز کرے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام اوراس کی کارکردگی کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اختیارات کی منتقلی کا عمل بتدریج آگے بڑھایا جاناچاہیے تاکہ انتظامی امور کو بہتر انداز میں چلایا جاسکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو شناخت دینے کیلئے حکومت کے عملی اقدامات پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی جنوبی پنجاب کے لوگوں سے وابستگی ہے اور ان کے مسائل کے حل کا ادراک رکھنے کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے جنوبی پنجاب کے لوگوں کے مسائل کونظر انداز کیا۔ لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
عمران خان نے جنوبی پنجاب کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ لوگوں کی زندگی میں حکومت کی پالیسیوں کے مثبت اثرات نظر آنے چاہیں۔ جنوبی پنجاب کیلئے ایک علیحدہ سالانہ ترقیاتی پروگرام سے خطے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے ساتھ جنوبی پنجاب کے لوگوں سے کیاہوا وعدہ پورا کردیا ہے۔
انہوں نے آئندہ سال کے بجٹ میں جنوبی پنجاب کیلئے ایک علیحدہ سالانہ ترقیاتی پروگرام اور پنجاب پبلک سروس کمیشن کے تحت آسامیوں اور بھرتیوں کے الگ کوٹے کی تجویز دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیشرفت پروزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ جنوبی پنجاب کیلئے الگ سیکرٹریٹ قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک جنوبی پنجاب میں 16 سیکرٹیریز تعینات کیے گئے ہیں۔