لاہور: سی سی پی او کا موبائل فون سننے پر وارڈن نے چالان کر دیا

Published On 09 September,2020 12:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ٹریفک وارڈن نے پرائیویٹ گاڑی میں دوران ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ نہ باندھنے اور موبائل فون سننے پر سربراہ لاہور پولیس کا چالان کاٹ دیا۔ سی سی پی او محمد عمر شیخ صبح سویرے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے تھے۔

لاہور پولیس کے سربراہ محمد عمر شیخ نے شہر میں ٹریفک کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وارڈنز کی کارکردگی جانچنے کے لئے جان بوجھ کر سیٹ بیلٹ اور موبائل فون کی خلاف ورزی کی، جس پر ٹریفک وارڈن نے 500 روپے کا چالان کر دیا۔

سی سی پی او نے چالان کی آن لائن ادائیگی کر دی جبکہ ٹریفک وارڈن خرم سمیت 3 وارڈنز کے لئے تعریفی سند اور نقد انعام کا اعلان کیا۔ لاہور پولیس کے سربراہ محمد عمر شیخ عام سائل کی طرح تھانہ شمالی چھاؤنی پہنچے اور موٹر سائیکل چوری کی درخواست دی، فوری رہنمائی اور درخواست موصول کرنے پر اہلکاروں کو شاباش دی۔

سی سی پی او نے تھانہ شمالی چھاؤنی کا جائزہ لیا اور ریکارڈ چیک کیا۔ ایس ایچ او اور ڈی ایس پی سے کرائم کی صورتحال پر بریفنگ لی۔ سربراہ لاہور پولیس محمد عمر شیخ نے ڈی ایس پی کو اشتہاریوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دیا۔
 

Advertisement