اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) لاہور، اسلام آباد موٹروے ٹول ٹیکس میں 10 فیصد اضافے کے خلاف درخواست مسترد کر دی گئی، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔
لاہور اسلام آباد موٹروے ٹول ٹیکس میں 10 فیصد اضافے کے خلاف درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ ٹول ٹیکس کدھر لیا جا رہا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا موٹروے پر ٹول ٹیکس میں اضافہ کیا گیا، قانوناً ایسا نہیں کیا جا سکتا۔ اسلام آباد، لاہور موٹروے کا ٹول ٹیکس 750 سے بڑھا کر 830 روپے کردیا گیا جبکہ بس کا ٹول ٹیکس 2510 سے 2770 روپے تک بڑھا دیا گیا ہے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے دوبارہ استفسار کیا کہ موٹروے مفت ہی بنتی ہے یا چل سکتی ہے، کون سے قانون کے تحت موٹروے کو ریگولیٹ کیا جاتا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو ایسی درخواستیں دائر نہیں کرنی چاہیے، انہوں نے درخواست گزار کے وکیل کو ہدایت کی کہ اگر پٹیشنر لاہور ہے تو وہاں درخواست دائر کر سکتے ہیں۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مزید ریمارکس دیئے کہ درخواست گزار اپنے منتخب نمائندے کے ذریعے معاملہ متعلقہ فورم پر اٹھا سکتا ہے اور درخواست خارج کر دی۔