لاہور: (دنیا نیوز) منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 21 ستمبر تک توسیع کر دی۔ عدالت نے اپوزیشن لیڈر کی درخواست ضمانت پر کارروائی تین ہفتوں کے لیے ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار احمد نعیم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ضمانت کی میعاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے۔ دو رکنی بنچ کو بتایا گیا کہ شہباز شریف کے وکیل اعظم نذیر تارڑ اسلام آباد میں مصروف ہیں لہذا کیس کی سماعت ملتوی کر دی جائے۔
دوران سماعت شہباز شریف روسٹرم پر آئے اور عدالت سے استدعا کی کہ مجھے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنی ہے، لہذا کارروائی تین ہفتوں تک ملتوی کی جائے۔ عدالت نے شہباز شریف کی استدعا مسترد کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں 21 ستمبر تک توسیع کر دی۔ شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر پولیس نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے تھے۔
کیس پر سماعت کے بعد اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمارے خلاف انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے، جلد یہ دور ختم ہو جائے گا۔