نون لیگ، پیپلزپارٹی اور فضل الرحمان ایکدوسرے کو دھوکا دے رہے ہیں: فیاض الحسن

Published On 21 September,2020 12:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ نون لیگ، پیپلزپارٹی اور مولانا فضل الرحمان ایک دوسرے کو دھوکا دے رہے ہیں، اپوزیشن نے چار مہینوں کا وقت ڈیل کرنے کیلئے دیا ہے، تمام جماعتیں سن لیں عمران خان کسی کو این آر او نہیں دیں گے۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا 12 اپوزیشن جماعتوں نے گزشتہ روز اگلے 4 ماہ کا کرپشن پلان طے کیا، 2000 میں بھی اس سے ملتا جلتا پلان آف کرپشن قوم نے دیکھا، ایک طرف نواز شریف، بینظیر بھٹو اور اپوزیشن سے ملکر اتحاد بنا رہے تھے، دوسری جانب نواز شریف اپنے فرنٹ مینوں کے ذریعے پرویز مشرف کے ساتھ اپنے معاملات سیدھے کر رہے تھے، نتیجتاً، نواز شریف تقریباً 100 سوٹ کیسوں اور ذاتی ملازمین کے ساتھ پردیس نکل گئے۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا 2006 میں پاکستانی قوم کو میثاقِ جمہوریت کا لالی پاپ دیا گیا، میثاق جمہوریت کے دستخط کنندگان کے لیے کسی آمر، ڈکٹیٹر سے رابطہ نہ کرنے کی شق بھی رکھی گئی، بعد ازاں بینظیر بھٹو نے پرویز مشرف کے ساتھ وطن واپسی کی ڈیل کی اور این آر او حاصل کیا، 2008 میں نواز شریف نے APDM اتحاد کے فورم سے اپوزیشن کو چونا لگایا، نواز شریف تمام جماعتوں سے الیکشن بائیکاٹ کا اعلان کروا کر خود انتخابی میدان میں کود پڑے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا الائیڈ پارٹیز فار کرپشن صرف ایک دوسرے کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں، کچھ کرنا ہوتا تو بلاول کل ہی سندھ اسمبلی تحلیل اور شریف خاندان استعفوں کا اعلان کرتے، آئندہ چار ماہ میں اپوزیشن نے ڈیل، ڈھیل یا این آر او کے لیے سر توڑ کوششیں کرنی ہیں، ڈیل، ڈھیل اور این آر او آل پارٹیز فار کرپشن کا خواب ہی رہ جائے گی۔
 

Advertisement