لاہور: (دنیا نیوز) صوبہ پنجاب میں جعلی کاسمیٹکس تیارو فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب ڈرگ ترمیمی بل 2020 کی منظوری دے دی۔
بزدار حکومت کا ایک اور بڑا اقدام، جلد کیلئے نقصان دہ جعلی کاسمیٹکس تیار اور فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے صوبائی حکومت نے دی پنجاب ڈرگ ترمیمی بل2020 کی منظوری دے دی۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ عوام کے وسیع تر مفاد میں دی پنجاب ڈرگ ترمیمی بل کو صوبائی کابینہ نے منظور کیا ہے، سابق دور میں غیر معیاری و جعلی کاسمیٹکس تیار و فروخت کرنیوالے مافیا کو کھلا چھوڑے رکھا گیا، ماضی میں متعلقہ ادارے سوئے رہے اورجعلسازی کے ذریعے عوام لٹتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں اوریجنل برانڈ کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی، عوام میں سیفٹی آف کاسمیٹکس سے متعلق شعور بیدار کرنا ضروری ہے، اب کاغذوں میں نہیں بلکہ عملی طورپر اس مافیا کاسدباب ممکن ہوگا۔