منڈی بہاء الدین: (دنیا نیوز) منڈی بہاء الدین کے نواحی گاؤں مانگٹ کے رہائشی 15 سالہ طالبعلم نے غربت کے باوجود میڑک کے امتحان میں 998 نمبر حاصل کرکے سکول میں پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی۔
طالبعلم نیاز خان کا تعلق انتہائی پسماندہ علاقے اور خاندان سے ہے۔ اس خاندان کی پسماندگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پورا کنبہ انتہائی خستہ مکان میں رہتا ہے جس کی چار دیواری بھی نہیں ہے۔
تاہم نوجوان طالبعلم نیاز خان نے اپنی غربت کو کمزوری نہ بننے دیا بلکہ سخت محنت کرکے میٹرک کے امتحان میں اپنے سکول کی جانب سے اول پوزیشن حاصل کی۔
طالبعلم نیاز خان کا کہنا ہے کہ میں پاک فوج میں شمولیت حاصل کرکے ملک کا دفاع کرنے کی خواہش رکھتا ہوں۔ اس ہونہار طالبعلم کے چھ بہن بھائی ہیں جن میں سے اس کا دوسرا نمبر ہے۔
اس کے والدین ایک جھونپڑی نما مکان میں اپنے بچوں کے ساتھ رہائش پذیر ہیں اور مزدوری کرکے ان کا پیٹ پال رہے ہیں۔ نیاز خان اپنے مستقبل کی تکمیل کیلئے روزانہ دو کلومیٹر کا پیدل سفر کرکے گورنمنٹ ہائی سکول مانگٹ جاتا تھا۔
اس نے بتایا کہ اس نے کبھی پیٹ بھر کر کھانا نہیں کھایا اور نہ ہی زنگی کی آسائش کو دیکھا، وہ جہاں رہتا ہے وہاں بجلی سمیت کوئی بھی سہولت میسر نہیں ہے۔
طالبعلم کا کہنا تھا کہ ماں باپ کے ساتھ کھیتوں میں مزدوری کرکے جو وقت ملتا، وہ درختوں کے سائے کے نیچے بیٹھ کر تعلیم کے مشن کو جاری رکھتا۔
نیاز خان نے کہا کہ اس کی زندگی کی خواہش ہے کہ ایس ایس جی کمانڈو بن کر ملک اور قوم کا دفاع کرے۔ طالبعلم کے والدین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کے شوق کو پورا کرنے کے وسائل نہیں رکھتے، نہ ان کے پاس رہنے کیلئے چھت ہے اور نہ ہی بچوں کا پیٹ پالنے کے وسائل موجود ہیں۔