لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز مندی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث 42 ہزار کی نفسیاتی حد گر گئی۔سرمایہ کاروں کے 60 ارب روپے سے زائد ڈوب ڈوب گئے ۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں غیر یقنیی صورتحال کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں انویسٹرز سرمایہ لگانے سے گریزاں ہیں اور اس دوران دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
رواں ہفتے کے مسلسل دوسرے کاروباری روز کے دوران کاروبار کا آغاز غیر یقینی صورتحال پر ہوا۔ صبح دس بجے کے قریب 100 انڈیکس 235.15 پوائنٹس گر گیا ، جس کا تسلسل آگے جا کر مزید دیکھنے کو ملا۔ دوپہر بارہ بجے انڈیکس میں مندی 441.69 پوائنٹس تک جا پہنچی۔
کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 345.23 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 42 ہزار کی نفسیاتی حد سے محروم ہونے کے بعد 41828.91 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.82 فیصد کی تنزلی ریکارڈ کی گئی، جبکہ 24 کروڑ 99 لاکھ 81 ہزار 533 شیئرز کا لین دین ہوا۔ مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو 60 ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 330.63 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی تھی جس کے بعد انڈیکس 42174.13 پوائنٹس پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔