اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ نواز شریف سزا یافتہ مجرم ہیں، ہمیں برطانیہ کے قوانین کو دیکھنا ہوگا کہ کیا سزا یافتہ مجرم چھ ماہ سے زائد عرصہ گزار سکتا ہے؟ ہو سکتا ہے نواز شریف وہاں سیاسی پناہ کے لیے اپلائی کر دیں۔
یہ باتیں انہوں نے دنیا نیوز کے پروگرام ‘’دنیا کامران خان کیساتھ’’ گفتگو میں کہیں۔ بیرسٹر شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا کیس دیگر اشتہاریوں سے مختلف ہے۔ ان کی حوالگی کی درخواست وفاقی حکومت کی طرف سے ہی جائے گی۔ اس حوالے سے کام ہو رہا ہے۔ جو بھی قانونی راستے ہیں، اس حوالے سے اپنائے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا جرم یہ ہے کہ ہم نے میاں نواز شریف کو انسانی ہمدردی کے تحت جانے دیا۔ ہمارے سامنے ایسی تصاویر پیش کی گئیں کہ انھیں کہیں کچھ نہ ہو جائے۔ تاہم انہوں نے لندن جا کرعلاج نہیں کرایا بلکہ وہاں کی ہوا سے ہی صحتمند ہو گئے۔
مشیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف کو بھیجنے کا فیصلہ میڈیکل بورڈ کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا۔ ہمیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ وہ علاج کے بعد واپس آئیں گے۔ اسی لیے ضمانتی بانڈز لیا گیا، اب ان کو واپس لانا ہے۔