اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے لاہور کے کھوکھر پیلس میں انڈین سے ملاقات کی تھی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ (ن) لیگی رہنما پریس کانفرنس کے بعد اسی جگہ پر رکی رہیں، سگنل ملنے پر ملاقات کے مقام پر پہنچیں۔ مریم اور ان کے والد نواز شریف کا بیانیہ ملک دشمن ہے، اسی لیے کوئی ان کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رانا صاحب پوچھ رہے ہیں تو بتا دیتا ہوں کہ میری اطلاع کے مطابق ایک انڈین کے ساتھ جو ملاقات ہوئی وہ کھوکھر پیلس میں ہوئی۔
رانا صاحب پوچھ رہے ہیں تو بتا دیتا ہوں۔میری اطلاع کے مطابق ایک انڈین کے ساتھ جو ملاقات ہوئی وہ کھوکھر پیلس میں ہوئی۔ پریس کانفرنس کے بعد وہ اسی جگہ پر رکی رہیں۔ سگنل ملنے پر وہاں سے نکل کر سیدھی کھوکھر پیلس پہنچیں۔ رانا صاحب آپ شہباز شریف کے ساتھ ہیں وہ آپکو یہ نہیں بتائیں گی۔ https://t.co/XD43zSGeUZ
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) October 4, 2020
ان کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنس کے بعد وہ اسی جگہ پر رکی رہیں۔ سگنل ملنے پر وہاں سے نکل کر سیدھی کھوکھر پیلس پہنچیں۔ انہوں نے رانا ثناء اللہ کو اپنے ٹویٹ میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رانا صاحب! آپ شہباز شریف کے ساتھ ہیں وہ آپ کو یہ نہیں بتائیں گی۔
خیال رہے کہ رانا ثناء اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ شہباز گل صاحب! کیا مریم نواز کی ملاقاتیں آپ کی موجودگی میں ہوئیں؟ عمران نیازی اپنی سیاست کے لیے اداروں کو متنازع بنا رہے ہیں۔ خطرناک حکومتی کھیل کسی کی بہتری میں نہیں ہے۔ (ن) لیگ پر الزام تراشی کرنے والے اپنی کارکردگی کا حساب دیں۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز گزرے 15 روز میں بھارتی افراد سے مل چکی ہیں: شہباز گل کا دعویٰ
دوسری جانب سیف الملوک کھوکر نے مریم نواز بارے ڈاکٹر شہباز گل کے دعوے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔
اس کا جواب اپنی ٹویٹ کے ذریعے دیتے ہوئے شہباز گل نے کہا ہے کہ کھوکھر صاحب! ہمیں پتا ہے آپ جیسے لوگ ملک دشمن بیانیے کا حصہ نہیں ہیں۔ آپ تو خود مجبور اور پھنسے ہوئے ہیں۔ یہ ملاقات آپ کی طرف نہیں ہوئی۔ لاہور میں کئی اور کھوکھر ہاؤسز اور کھوکھر پیلس موجود ہیں۔ اس کا جواب مریم بی بی کو دینے دیں کہ یہ ملاقات کہاں ہوئی؟ آپ خوامخواہ اڑتا تیر مت پکڑیں۔
کھوکھر صاحب ہمیں پتہ ہے آپ جیسے لوگ ملک دشمن بیانیے کا حصہ نہیں ہیں۔آپ تو خود مجبور ہیں،پھنسے ہوئے ہیں- یہ ملاقات آپکی طرف نہیں ہوئی۔لاہور میں کئی اور کھوکھر ہاؤسس اور کھوکھر پیلس موجود ہیں۔ اس کا جواب مریم بی بی کو دینے دیں کہ یہ ملاقات کہاں ہوئی آپ خوامخواہ اڑتا تیر مت پکڑیں https://t.co/cQM94e9u10
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) October 4, 2020
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ مریم نواز گزرے 15 روز میں بھارتی افراد سے مل چکی ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’اختلافی نوٹ‘‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم اور لیگی قائد کے بیٹے کی لندن میں بھارت سے آئے 3 لوگوں کے ساتھ میٹنگ ہوئی ہے۔ مریم نواز بھی گزرے 15 روز میں بھارتی افراد سے مل چکی ہیں۔ سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے الفاظ بھارتی اسٹیبلشمنٹ کہلوا رہی ہے، وقت آنے پرساری تفصیلات بتائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف مجرم ہیں، ان کے عام شہری کی طرح حقوق نہیں، کریمنل کو جمہوری کہنا بھی جرم ہے۔ اس طرح کے لوگ اپنے آپ کو جمہوری کہتے ہیں۔ ان کو کوئی غدار نہیں کہہ رہا خود متحدہ بانی کی طرح تقریریں کر رہے ہیں۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ ہرطرف سے جواب ملنے پر نوازشریف کو انقلابی ہونے کا شوق پیدا ہوا۔ رانا ثناء اللہ، شہباز شریف گروپ کے آدمی ہیں، وہ بڑے میاں کے بیانیے کا وزن نہیں اٹھا سکتے۔ چودھری نثار معتبر سیاست دان ہیں، وہ آگے بڑھ کرمحب وطن ورکرز کو اکٹھا کریں، چاہتے ہیں جمہوری اپوزیشن ہو۔
اس موقع پر سوال کیا گیا کہ کیا وفاقی حکومت نے چودھری نثار سے رابطے کیا جس پر معاون خصوصی سوال کا جواب گول کر گئے اور کہا کہ یہ کہانی پھر صیح۔
انہوں نے کہا کہ احتساب،کرپشن کیسزسمیت کسی سے کوئی بات نہیں ہوگی، راجہ ظفرالحق محب وطن پاکستانی ہیں اگرکوئی قانون سازی سمیت بات کرنا ہوگی توکریں گے۔ غداروں سے کیا بات کریں جنہوں نے ملک لوٹا۔ مسلم لیگ(ن)کے اندرسے بھی آوازیں آرہی ہے۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ نوازشریف کرپٹ ہے اس لیے فوج کے ساتھ مسئلہ ہے، وزیراعظم عمران خان کا توفوج کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں۔ سابق وزیراعظم ضیاالحق کے بغل بچے تھے، امیرالمومنین بننا چاہتے تھے، نوازشریف کا مسئلہ کرپشن کرتے ہیں اورچاہتے ہیں کوئی نہ پوچھے۔