کمزور افراد کی ضروریات کو پورا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے: وزیراعظم

Published On 05 October,2020 05:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بے سہارا اور کمزور افراد کی ضروریات کو پورا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے

تفصیلات کے مطابق وزیرِا عظم عمران خان کی زیر صدارت اسلام آباد میں قائم 5 پناہ گاہوں کی اپ گریڈیشن اور ملک کے دیگر حصوں میں بہترین سہولتوں سے آراستہ پناہ گاہوں کے مفصل نیٹ ورک کے قیام کے حوالے سے اجلاس ہوا۔

اجلاس میں معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر، سیکرٹری تخفیف غربت و سماجی تحفظ محمد علی شہزادہ، ایم ڈی بیت المال عون عباس بپی و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔

معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیرِ اعظم کو وفاقی دارالحکومت میں قائم پانچ پناہ گاہوں کی اپ گریڈیشن اور ان میں قیام کرنے والے بے سہارا اور غریب مزدوروں اور دیگر مستحق افراد کو فراہم کی جانے والی بہترین سہولیا ت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈاکٹر ثانیہ نے بتایا کہ پناہ گاہوں میں قیام پذیر افراد کا ڈیٹا روزانہ کی بنیاد پر مرتب کیا جاتا ہے تاکہ ان اعداد و شمار کو جہاں سروس کی بہتری کیلئے برؤےکار لایا جا سکے وہاں یہ ڈیٹا اس کارِ خیر میں حکومتی کوششوں کا ساتھ دینے والے مخیر حضرات و دیگر ڈونرز کےساتھ بھی شئیر کیا جا سکے۔

ایم ڈی بیت المال عون عباس بپی نے ملک بھر میں پناہ گاہوں کے نیٹ ورک کو وسیع کرنے کے حوالے سے روڈ میپ وزیرِ اعظم کو پیش کیا۔

پناہ گاہوں کے نظام کو مستقل بنیادوں پر استوار کرنے کے حوالے سے وزیرِ اعظم نے بیت المال کے قانون میں ترمیم کرنے کی بھی اصولی منظوری دی ہے۔

وزیرِ اعظم نے وفاقی دارالحکومت میں ماڈل پناہ گاہوں کے قیام اور ان میں فراہم کی جانے والی معیاری سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے سہارا اور کمزور افراد کی ضروریات کو پورا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں حکومت ہر ممکنہ کوشش کرکے گی۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ پناہ گاہوں میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور پناہ گاہوں میں قیام کرنے والے مزدروں، بے سہار افراد کی اس انداز میں خدمت کو یقینی بنایا جائے کہ جہاں ان کو رہنے اور کھانے پینے کی بہترین سہولیات میسر آئیں وہاں ان کی عزت نفس کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ معیاری پناہ گاہوں کے قیام اور ان کے نیٹ ورک کو وسعت دینے کے حوالے سے حکومت کی جانب سے تمام ممکنہ وسائل فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم میں خدمت خلق کا بے پناہ جذبہ موجود ہے اور حکومت کی جانب سے ایسی کاوشوں کا خیر مقدم کیا جائے گا۔
 

Advertisement