لاہور: (دنیا نیوز) ن لیگی قیادت کے خلاف بغاوت کا مقدمہ، نوازشریف اور مریم کے ترجمان محمد زبیر تھانہ شاہدرہ میں پیش ہوئے۔ انہوں نے کہا کوئی بھی مقدمے کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں، عمران خان نے ایف آئی آر کیلئے براہ راست آرڈر کئے، جتنے مرضی مقدمات بنائیں، ن لیگ کے ورکرز باہر ضرور آئیں گے۔
سابق گورنر سندھ و لیگی رہنما محمد زبیر اور عطاتارڑ نے ایس ایچ او تھانہ شاہدرہ سے ملاقات کی، لیگی رہنماؤں نے اپنے خلاف مقدمہ کے حوالے سے بات چیت کی۔ محمد زبیر نے کہا سابق گورنر رہ چکا ہوں، حکومتی آشیرباد کے بغیر مقدمہ درج نہیں ہوسکتا۔ ایس ایچ او تھانہ شاہدرہ نے جواب دیا کہ ہمارے پاس درخواست آئی، ہم نے مقدمہ درج کیا، پولیس میرٹ پر تفتیش کرے گی، تعیناتی کو 2 روز ہوئے، مجھ سے پہلے مقدمہ درج ہوا۔
محمد زبیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ پہلا مقدمہ ہے جس میں ملزمان خود تھانے آئے، ہمارے آنے سے پہلے تفتیشی افسر غائب ہوگیا، نواز شریف نے ملکی مسائل پر تقریر کی تھی، تقریر کرنے پر وزیراعظم نے بغاوت کا مقدمہ بنا دیا، کوئی بھی اس مقدمے کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں، ہم ایس ایچ او یا وزیراعلیٰ پنجاب کو الزام دینے نہیں آئے، عمران خان نے مقدمے بنانے کی براہ راست ہدایات دی ہیں، وزیراعظم کو ہمارے خلاف مقدمات درج کرنے کا شوق ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا ہم پر اداروں کیخلاف بات کرنے کا الزام لگایا جاتا ہے، نواز شریف نے سلیوٹ کر کے کہا فوج کے ہر جوان کی عزت کرتے ہیں، عمران خان نے 2 سابق وزرائےاعظم کیخلاف مقدمہ بنوایا، پی ٹی آئی کے ورکر نے مقدمہ درج کرایا۔