لاہور، اسلام آباد: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں مارکیٹیں، شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کورونا کا مرکز بن گئے، ضلعی انتظامیہ لاہور نے کورونا کیسوں میں اضافہ کے بعد سخت فیصلوں کی حکمت عملی تیار کر لی۔ جبکہ اسلام آباد میں ایک دن کے دوران 88 نئے کورونا کیسز کے بعد کئی سیکٹرز میں مائیکرو لاک ڈاون نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا۔ اتوار صبح سے ان علاقوں کو سیل کر دیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر لاہورمدثر ریاض کا کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلہ میں کورونا ایس اوپیز پر عملدرامد نہ کروانے والےسکولوں ،کالجوں ،یونیورسٹیوں ،ریسٹورنٹس اور شادی ہالوں کو پندرہ روز تک سیل کیا جائے۔شہر کے بڑے میگا سٹورز، مارکیٹس اور سویٹ بیکرز کے نام بھی شامل ہیں۔ جن علاقوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہو گا ان علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی آپشن کو استعمال کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 14 روز میں 686 افراد کورونا کا شکار ہوئے، شہر میں 14 دنوں میں 4 اموات ہوئیں، شہر میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسوں کے سبب سختی کی جائے گی۔ پبلک مقامات، شادی ہالوں، شاپنگ مالز میں ماسکس، سینیٹائزر اور سماجی فاصلہ نہ ہونے پر اس کو سیل کر دیا جائے گا۔
مدثر ریاض کا مزید کہنا تھا کہ شہری ماسک، سینیٹائزر اور سماجی فاصلہ پر عملدرآمد یقینی بنائیں، ضلعی انتظامیہ لاہور نے گزشتہ رات شادی ہالوں اور بیکریوں کو سیل کرنے کا کام شروع کر دیا گیا، شہر کی تمام تحصیلوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لئے خصوصی ٹیمیں بنائی گئی ہیں. اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں آج رات اور کل سخت کریک ڈاؤن کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: کورونا کیسز بڑھنے کے بعد متعدد سیکٹرزمیں مائیکرولاک ڈاون کا فیصلہ
وفاقی دارالحکومت میں ایک دن میں 88 نئے کورونا کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کئی سیکٹرز میں مائیکرو لاک ڈاون نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا۔ ضلعی انتظامیہ نے کہاکہ اتوار صبح سے ان علاقوں کو سیل کر دیا جائے گا۔
جڑواں شہروں میں کورونا کی نئی لہرسامنے آنے لگی، وفاقی دار الحکومت میں ایک دن میں 88 نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے، کئی سیکٹرز میں مائیکرو لاک ڈاون نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، راو لپنڈی میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دو شادی ہالز سیل کر دیئے گئے اور بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسر اسلام آباد کے جاری مراسلے میں کہا گیاہے کہ نئے کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر سیکٹر جی 10/4 گلی نمبر 38،44،45،46،47 اور 48 کو سیل کر دیا جائے۔ سیکٹر آئی 8/2 کی گلی نمبر 25، 29 اور سیکٹر جی 10/4 کی 85 اور 89 نمبرگلیاں بھی سیل کی جائیں۔ متاثرہ علاقوں سے کورونا ٹیسٹ کے لیے نمونے بھی حاصل کیے جا رہے ہیں۔بروقت لاک ڈاون سے کورونا کیسز کے پھیلاو میں کمی لائی جا سکتی ہے۔
محکمہ صحت کے مراسلے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے کہاکہ اتوار صبح سے ان علاقوں میں مائیکرو لاک ڈاون نافذ کر دیا جائے گا۔ شہری مناسب مقدار میں کھانے پینے کے سامان اور دیگر اشیاء کا بندوبست کرلیں۔ دوسری جانب راولپنڈی میں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر دو شادی ہال کو سیل کر کے 95 ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیاہے ،ضلعی انتظامیہ نے کئی مقامات پر سخت وارننگز بھی جاری کیں۔