اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے کنٹرول لائن کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کی حالیہ خلاف ورزیوں پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے جن کے نتیجے میں دو بے گناہ شہری شدید زخمی ہو گئے تھے۔
بھارت کے اعلیٰ سفارتکار کو احتجاج ریکارڈ کرانے کےلئے وزارت خارجہ طلب کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی قابض افواج کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری کے ساتھ شہری آبادی کو مسلسل بھاری توپ خانے، مارٹر گولوں اور خود کار ہتھیاروں سے نشانہ بنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال اب تک بھارت نے دو ہزار پانچ سو تیس بار جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کیں جن کے نتیجے میں انیس بے گناہ شہری شہید اور 197 شدید زخمی ہوئے۔
ترجمان نے کہا کہ کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری کے ساتھ کشیدگی بڑھا کر بھارت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے توجہ نہیں ہٹا سکتا۔
بھارت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ 2003ء کے جنگ بندی معاہدے کا احترام کرے، دانستہ طور پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے اس واقعے اور ایسے دوسرے واقعات کی تحقیقات کرائے اور کنٹرول لائن ورکنگ باؤنڈری پر امن برقرار رکھے۔
بھارت پر یہ بھی زور دیا گیا ہے کہ وہ بھارت اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنا کردار ادا کرنے کی اجازت دے۔