ڈالر کے مقابلے روپیہ تگڑا ہونے سے ملکی قرضوں میں اربوں روپے کی کمی

Published On 15 October,2020 04:14 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں گزشتہ چار ماہ کے دوران مسلسل بڑھتے ہوئے ترسیلات زر کے اثرات ملکی کرنسی پر پڑنے لگے، روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں گراوٹ کا تسلسل جاری ہے، آج ایک مرتبہ پھر امریکی کرنسی 62 پیسے سستی ہو گئی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں ایک مرتبہ پھر امریکی ڈالر کی قدر میں 62 پیسے کی گراوٹ دیکھی گئی اور قیمت 163 روپے 48 پیسے سے کم ہو کر 162 روپے 86 پیسے ہو گئی ہے۔

قدر گرنے کے بعد امریکی ڈالر 5 ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا ہے، اگست سے اب تک 5 روپے 57 پیسے سستا ہوا 27 اگست کو ڈالر168 روپے 43 پیسے تک پہنچ گیا تھا، غیرملکی قرضوں کے دباو میں 575 ارب روپے کی کمی ہو گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 39 پیسے سستا ہو گیا تھا اور قیمت 163 روپے 87 پیسے سے کم ہو کر 163 روپے 48 پیسے ہو گئی تھی۔