ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری برداشت نہیں کی جائے گی: وزیراعظم عمران خان

Published On 20 October,2020 09:19 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ روزمرہ استعمال کی اشیا کی ذخیرہ اندوزی اورمنافع خوری کسی قیمت پر برداشت نہیں کی جائے گی۔

تفصیل کے مطابق وزیراعظم نے ایک روزہ دورہ لاہور کے دوران اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر قابو سمیت مختلف اہم اجلاس اور ملاقاتیں کیں۔ ایوان وزیراعلیٰ میں وزیراعظم کے زیر صدارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور دستیابی بارے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور دستیابی بارے بریفنگ دی گئی۔ انھیں بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں سہولت بازار قائم کیے جا رہے ہیں جن میں کم قیمت پر اشیا فراہم کی جائیں گی۔ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی مانیٹرنگ سیکریٹری اور ضلعی انتظامیہ جبکہ معاونت ٹائیگر فورس کرے گی۔

چیف سیکریٹری نے یقین دہانی کرائی کہ صوبہ میں گندم اور آٹے کی قلت نہیں ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گندم اور اشیائے ضروریہ کی خریداری کو منصوبہ بندی کے تحت یقینی بنایا جائے تا کہ مہنگائی نہ ہو۔ عوام کے لیے ہونے والی مہنگائی کی وجہ سے مجھے سب سے زیادہ تکلیف محسوس ہوتی ہے۔ عوامی ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔

وزیراعظم عمران خان نے ریور راوی منصوبے کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔ چیئرمین ریور راوی نے پراجیکٹ کے دورانیہ اور بیرونی سرمایہ کاروں کی دلچسپی سے آگاہ کیا۔

عمران خان نے کہا کہ منصوبے پر ہونے والی پیشرفت سے مسلسل آگاہ رکھا جائے اور روزانہ مانیٹرنگ رپورٹ فراہم کی جائے۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب پولیس اور چیف سیکرٹری کے ساتھ بھی میٹنگ کی۔ میٹنگ میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی اور عام آدمی کو ریلیف دینے کی ہدایت دی گئی۔

وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ون آن ون ملاقات بھی کی۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
 

Advertisement