پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات تحصیل سٹی کونسل کی تشکیل نہ ہونے سے خطرے میں پڑگئے، صوبے کے 7 اضلاع میں حلقہ بندیاں بھی نہ ہوسکیں۔
خیبرپختونخوا حکومت نے کورونا کے باعث بلدیاتی انتخابات دو سال کے لئے موخر کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن بلدیات میں قانونی سقم آنے پر بلدیاتی انتخابات 2021 میں بھی ہونے کا امکان نظر نہیں آ رہا۔ صوبائی حکومت تاحال تحصیل سٹی کونسل کے قیام کا اعلامیہ تک جاری نہ کر سکی۔
صوبے کے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں قانونی سقم ہونے کی وجہ سے 7 ڈویژن اضلاع میں حلقہ بندیاں بھی نہیں ہو سکی۔ الیکشن کمیشن نے تحصیل سٹی کونسل کی تشکیل کے لئے صوبائی حکومت سے رابطہ بھی کیا مگر کچھ نہ بن سکا۔
معاون خصوصی اطلاعات کامران بنگش کے مطابق کورونا وباء کے دوبارہ پھیلنے کے خدشات کے باعث ضمنی الیکشن نہیں کیے جا رہے اور بلدیاتی الیکشن بھی صورت حال کو دیکھ کر منعقد کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن صوبےکے 28 اضلاع میں حلقہ بندیاں مکمل کر چکا ہے۔ 25 اکتوبر تک حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی۔ بلدیاتی انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کی تیاریاں مکمل ہیں تاہم تحصیل سٹی کونسل کے نوٹفیکیشن کے بعد شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔