صوبہ سندھ میں نئے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا آغاز، حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری

Published On 31 August,2020 06:36 pm

کراچی: (دنیا نیوز) صوبہ سندھ میں نئے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا آغاز ہو گیا ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے کے نوٹیفکیشن کے بعد الیکشن کمیشن نے بلدیاتی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

سندھ حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین اور وائس چیئرمین کے عہدوں کی مدت 30 اگست کو ختم ہو چکی ہے جس کے بعد میونسپل کارپوریشنز، ضلع کونسلز اور ٹاؤن کمیٹیاں بھی تحلیل ہو چکی ہیں۔

صوبائی حکومت کے نوٹیفکیشن کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بھی سندھ میں نئے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن شیڈول کے مطابق 9 سے 22 ستمبر تک حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست تیار کی جائے گی۔

اس کے بعد 23 ستمبر کو اعتراضات مانگے جائیں گے جو 7 اکتوبر تک داخل کیے جا سکیں گے۔ فہرستوں پر اعتراضات 22 اکتوبر تک نمٹائے کے بعد 30 اکتوبر کو سندھ میں نئی حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست شائع کر دی جائے گی۔
 

Advertisement