اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی فہرستوں میں 30 لاکھ سے زائد اہل پاکستانیوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آئندہ بلدیاتی انتخابات سے پہلے ان اہل پاکستانیوں کو ووٹر بنانے کیلئے نادرا کو ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ تمام اہل افراد الیکشن میں حصہ لے سکیں۔
اسی سلسلے میں الیکشن کمیشن نے حتمی انتخابی فہرستیں شائع کرنے کیلئے 18 دنوں کی توسیع کر دی ہے۔ انتہائی باوثوق ذرائع نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر سلطان راجہ کے زیر صدارت اجلاس میں الیکشن کمیشن نے اس بات کی منظوری دی ہے کہ اب انتخابی فہرستوں کی حتمی اشاعت 16 ستمبر 2020ء کی بجائے 4 اکتوبر 2020ء کو ہوگی۔